سعودی عرب جمال خاشقجی کے قتل کا اعتراف کرنے والاہے
امریکی میڈیا:
نیوزنور 16 اکتوبر/امریکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے اعتراف کی تیاری کررہاہےاورصحافی کےقتل کی یہ دلیل پیش کرنے کی کوشش کی جائے گی کہ صحافی کی ہلاکت دوران تفتیش ہوئی اورحکام بالا اس سے لاعلم تھے۔
عالمی اردوخبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق امریکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے اعتراف کی تیاری کررہاہےاورصحافی کےقتل کی یہ دلیل پیش کرنے کی کوشش کی جائے گی کہ صحافی کی ہلاکت دوران تفتیش ہوئی اورحکام بالا اس سے لاعلم تھے۔
سعودی عرب ایسے میں صحافی کے قتل کا اعتراف کرنے جا رہا ہے کہ جب ترک تفتیشی حکام نے سعودی قونصل خانے میں سرچ آپریشن کیا اور انھیں کافی شواہد ملے۔
امریکی میڈیا کے مطابق اس سے پہلے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی فرماروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ شاہ سلمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے ترکی کے شہر استنبول سے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والے سعودی صحافی جمال خاشقجی کی گمشدگی اور اسکے ساتھ کیا ہوا؟؟ اس بارے میں کچھ نہیں جانتے۔ تاہم اراکین سینیٹ نےصحافی کی گمشدگی کی اپنےطورپرتحقیقات شروع کردی ہیں۔
دوسری طرف صحافی کے قریبی دوست کا کہنا ہے کہ جمال خاشقجی رائل فیملی کی کرپشن ، بد عملیوں اور انتہا پسندوں کے ساتھ رابطوں کے بارے میں بہت کچھ جانتے تھے۔
واضح رہے واشنگٹن پوسٹ کے کالم نگار سعودی صحافی جمال خاشقجی 2 اکتوبر کو استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے گئے تھے جس کے بعد سے وہ لاپتہ ہیں۔
اطلاعات ہیں کہ جمال خاشقجی اپنی ترک منگیتر سے شادی کے سلسلے میں دستاویزات کے حصول کے لیے قونصل خانے گئے تھے جس کے بعد وہ واپس نہیں آئے اور خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ انہیں قتل کردیا گیا ہے۔
صحافی کی گمشدگی کے معاملے پر امریکا اور سعودی عرب کے تعلقات میں بھی کشیدگی پیدا ہوگئی۔