خاشقچی کا قتل انسانی حقوق کے طرفداروں کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے
ایمنسٹی انٹرنیشنل :

نیوزنور11اکتوبر/ایمنسٹی انٹرنیشنل کی مشرق وسطٰی سے متعلق تحقیقاتی امور کی سربراہ نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ سعودی حکام کے ہاتھوں حکومت مخالفین کی سرکوبی پر خاموش نہ بیٹھے اور ریاض پر سعودی صحافی کے قتل کے راز کا پتہ لگانے کے لئے دباؤ ڈالے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل کی مشرق وسطی سے متعلق تحقیقاتی امور کی سربراہ’’ لین معلوف‘‘ نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ سعودی حکام کے ہاتھوں حکومت مخالفین کی سرکوبی پر خاموش نہ بیٹھے اور ریاض پر سعودی صحافی کے قتل کے راز کا پتہ لگانے کے لئے دباؤ ڈالے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی صحافی خاشقچی کے قتل کے بارے میں تحقیقات اور ذمہ دار افراد کے خلاف خواہ وہ جس عہدے و مقام پر بھی ہوں قانونی کارروائی کئے جانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ خاشقچی کا قتل دنیا کے کسی بھی علاقے میں انسانی حقوق کے طرفداروں اور سعودی حکومت کے مخالفین کے لئے خطرے کی ایک گھنٹی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جمال خاشقچی دو اکتوبر کو ترکی کے شہر استنبول میں سعودی قونصل خانے میں داخل ہوئے تھے جس کے بعد سے ان کا کوئی پتہ نہیں تھا اور اتوار کی صبح سویرے استنبول کے ایک علاقے میں ان کی لاش پڑی ملی ہے بنابریں اس قتل کیس کے سلسلے میں مکمل تحقیقات کئے جانے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ خاشقچی کا نام سعودی حکومت مخالفین کی اس فہرست میں بھی شامل رہا ہے جو ریاض حکومت کو مطلوب رہے ہیں اور خاشقچی سعودی حکومت کے انتقامی اقدام سے خائف ہو کر ہی سعودی عرب سے باہر رہائش پذیر تھے۔