اسرائیل نے حملہ کیا تو منہ توڑ جواب دیں گے
عراقی وزیر خارجہ:
نیوزنور03اکتوبر: عراق کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ان کا ملک اسرائیلی حملے کی صورت میں اپنا بھر پور دفاع کرے گا۔
عالمی اردوخبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق رشیا ٹوڈے سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر ابراہیم الجعفری نے کہا کہ ان کا ملک اسرائیلی حملے کی صورت میں اپنا بھر پور دفاع کرے گا۔
عراق پر حملے کی اسرائیلی دھمکیوں کے بارے میں ڈاکٹر ابراہیم الجعفری نے کہا کہ ان کا ملک جنگ میں ہرگز پہل نہیں کرے گا تاہم حملے کی صورت میں پوری قوت کے ساتھ اپنا دفاع کرے گا۔
انہوں نے شمالی عراق میں ترک فوج کی موجودگی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بغداد کی حکومت سن دو ہزار سترہ سے اس معاملے کو افہام و تفہیم کے ذریعے نمٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔
بغداد دمشق تعلقات کے بارے میں انہوں نے کہاکہ عراق اور شام کو مشترکہ دشمن کا سامنا ہے اور دونوں ممالک خطے میں دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن اسٹیٹ کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
عراق کے وزیر خارجہ نے اپنے ملک کی تعمیر نو کے بارے میں کہا کہ ان کے ملک کو دنیا کے ایک سو بیالیس ملکوں کے دہشت گردوں نے برباد کیا ہے لہذا عراق کی تعمیرنو میں حصہ لینا پوری عالمی برادری کی ذمہ داری ہے۔