فلسطینی اتھارٹی کی شر انگیز مہم کا اصل ہدف اسرائیل کےایجنڈے کوآگے بڑھانا ہے
تحریک جہاد اسلامی:
نیوزنور29ستمبر/فلسطین کی مذہبی اور مقاومتی جماعت کے ترجمان نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہروں میں اسلامی تحریک مقاومت حماس کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی اور صدر محمود عباس اسرائیل کےایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
عالمی اردوخبر رساں ادارے’’نیوز نور‘‘ کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی مذہبی اور مقاومتی جماعت اسلامی جہاد کےترجمان ’’احمد المدلل‘‘ نے ایک بیان میں کہا کہ غرب اردن میں عباس ملیشیا نے ایک طے شدہ منصوبے کے تحت مقاومتی کارکنوں، حماس کے رہنماؤں اور سابق اسیران کے خلاف کریک ڈاؤن مہم شروع کر رکھی ہےاور اس شر انگیز مہم کا اصل ہدف اسرائیل کےایجنڈے کوآگے بڑھانا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ عباس ملیشیا نے حماس اور دیگر تنظیموں کے کارکنان کے خلاف مجرمانہ معرکہ برپا کر رکھا ہے غزہ اور غرب اردن سمیت فلسطین کے تمام علاقوں میں عوام نے عباس ملیشیا کے دشمنانہ ایجنڈے کو مسترد کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غرب اردن میں حماس کے خلاف کریک ڈاؤن کی زمانی اہمیت ہے یہ کریک ڈاؤن ایک ایسے وقت میں جاری ہے جب دوسری جانب صدر عباس نے اقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب میں اسرائیل سے سیکورٹی تعاون جاری رکھنے، دشمن سے مذاکرات بحال کرنے اور غزہ پٹی کے عوام کے خلاف انتقامی اقدامات مزید سخت کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے غزہ پٹی پر فلسطینی اتھارٹی کی مسلط کردہ پابندیوں اور انتقامی پالیسی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام محمودعباس کو اپنا نمائندہ تسلیم نہیں کرتےکیونکہ محمود عباس اپنی آئینی حیثیت کھو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز فلسطینی اتھارٹی کی پولیس نے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں تلاشی کی کارروائیوں میں حماس کے 100 سے زاید کارکنوں اور رہنماؤں کو حراست میں لے لیا۔
- ۱۸/۰۹/۲۹