بغداد میں تعئنات امریکی و برطانوی سفیر ملک میں بحران پیدا کرنے میں ملوث ہیں
عراقی پارلیمنٹ میں الفتح الائنس کے نمائندے:
نیوز نور24 ستمبر/عراقی پارلیمنٹ میں الفتح الائنس کے نمائندے نے کہا ہےکہ عراق میں امریکہ اور برطانیہ کے سفیر ملک کی تقسیم کی کوشش کر رہے ہیں اس لئے انہیں عراق سے نکال باہر کئے جانے کی ضرورت ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق عراقی پارلیمنٹ میں الفتح الائنس کے نمائندے’’ انتصار الموسوی‘‘ نے کہا کہ صوبے بصرہ میں جو واقعہ پیش آیا اور اسی طرح اس صوبے میں پبلک مقامات کو جو نقصان پہنچایا گیا ان تمام تخریبی اقدامات میں امریکہ اور برطانیہ کے سفیر ملوث رہے ہیں جو بحران پیدا اور اسے ہوا دینے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بصرے میں حالیہ دونوں کے دوران بے روزگاری اور رفاہی خدمات بہتر نہ ہونے اور اسی طرح پانی و بجلی کی قلت کی بنا پر عوام کی جانب سے احتجاج کیا جا رہا تھا جس سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے شرپسند عناصر نے تخریبی اقدامات کئے اور عراق کی سیاسی شخصیات تک نے بصرے میں امریکہ کے قونصل خانے کو لوگوں کو مشتعل کرنے کا ذمہ دار قرار دیا۔
عراق کی پارلیمنٹ میں الفتح الائنس کے نمائندے انتصار الموسوی نے مزید کہا کہ عراق میں دہشتگردوں پر حاصل ہونے والی کامیابی نے عراق کی تقسیم کے لئے امریکہ اور برطانیہ کی تمام سازشوں کو ناکام بنا دیا اور اب ضرورت اس بات کی ہے کہ عراق کی حکومت جراءت سے کام لیتے ہوئے بغداد میں متعین امریکہ اور برطانیہ کے سفیروں کو ملک سے نکال باہر کرے۔
- ۱۸/۰۹/۲۴