نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کا ذکر دلوں کو ایمان کی روشنی سے منور کرتا ہے
مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی رہنما:
نیوزنور17ستمبر:مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی ایک رہنما نے کہا ہے کہ نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کا ذکر دلوں کو ایمان کی روشنی سے منور کرتا ہے۔
عالمی
اردوخبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق بی سلیمہ نے کہا کہ امام حسین ؑ نے اپنے
قیام کے ذریعے ظاہری تقویٰ اور پرہیز گاری کی نمائش کرنے والوں کے چہروں سے نقاب
الٹ دیئے اور حق وباطل کے درمیان ایک ایسی لکیر کھینچ دی کہ قیامت تک فاسق وفاجر
حکمرانوں کو ذلیل ورسوا ہوتے رہیں گے۔
امام حسین ؑ نے دین محمدی کے سنہرے اقدار کی بحالی اور انسانیت کی بقا کیلئے وقت کے فاسق و فاجر حاکم کیخلاف قیام کیا اور قیامت تک آزادی وحریت کے پرستاروں کیلئے ایک تابندہ مثال قائم کی۔آج کربلا کی اس لازوال قربانی سے سبق لیتے ہوئے دنیا کے ظالم و استکباری قوتوں کیخلاف امام عالی مقام کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہوکر قیام کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزیدکہا کہ جن حکمرانوں کے ہاتھ ظلم سے رنگین ہیں محرم کے آغاز سے ہی ان پر لرزہ طاری ہوتا ہے اورایک انجانے خوف میں مبتلا ہوجاتے ہیں اور یہ ایک حقیقت ہے کہ جس دن دنیاوالوں کو حسین ؑ کی معرفت حاصل ہوجائے زمانے کے فرعونوں کے تخت الٹ دیے جائینگے اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب پوری دنیا میں حسین ؑ کی حاکمیت قائم ہوگی۔