اونرواکی امداد بند کرنے سے پورا خطہ ایک نئے اور خطرناک بحران کی زد میں آسکتا ہے
عرب لیگ کے وزرائے خارجہ:
نیوزنور14ستمبر/عرب لیگ کے وزرائے خارجہ نے فلسطینی پناہ گزینوں کی ریلیف ایجنسی اونروا کی امداد بند کیے جانے کے سنگین نتائج سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر فلسطینی پناہ گزینوں کی امداد بند کی گئی توخطے میں ایک نیا اور خطرناک بحران اُٹھ کھڑا ہوگا۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق قاہرہ میں عرب لیگ کے صدر دفتر میں عرب وزرائے خارجہ کےاجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی پناہ گزینوں کی مالی امداد بند کرنے کے خطرناک نتائج سامنے آسکتے ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عرب لیگ فلسطینی مہاجرین کے مالی حقوق کے معاملے کو آگے بڑھانے ، خطے میں سیاسی ، سماجی اور اقتصادی شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کے تناظر میں عرب ممالک کا ایک مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی کوششیں جاری رکھے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی نصب العین عرب ممالک کی اولین ترجیح ہےوہ عرب امن اقدام کی بنیاد پر فلسطینی عوام کو ان کے جائز حقوق دلانا چاہتے ہیں اور 1967 کی سرحدوں کے اندر ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام چاہتے ہیں جس کا دارالحکومت مشرقی القدس ہو۔
عرب وزرائے خارجہ نےیہ بھی واضح کیا کہ عرب دنیا ایسے کسی بھی عمل کو مسترد کرتی ہے جس کا مقصد مقبوضہ بیت المقدس کے بارے میں تاریخی اور قانونی مؤقف کو محدود کرنا ہو۔
- ۱۸/۰۹/۱۴