بیت المقدس تاریخ کے خطرناک دور سے گذر رہا ہے
احمد عطون:
نیوزنور14ستمبر/بیت المقدس سے اسلامی تحریک مقاومت حماس کے پارلیمانی بلاک اصلاح وتبدیلی کے ٹکٹ پر فلسطینی پارلیمنٹ کا رکن منتخب ہونے کی پاداش میں بیت المقدس سے بے دخل فلسطینی سیاست دان نے کہا ہے کہ بیت المقدس تاریخ کے خطرناک دور سے گذر رہا ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق’’احمد عطون‘‘ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل نے مقبوضہ بیت المقدس کو یہودی آباد کاروں کے لئے کھلا میدان بنا دیا ہے۔
انہوں نے فلسطینی عوام پر زور دیا کہ وہ قبلہ اول کے دفاع اور یہودی آباد کاروں کی ریشہ دوانیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل بیت المقدس پر اپنا جعلی اسٹیٹس مسلط کرنا چاہتا ہے تاکہ مسلمان بیت المقدس اور قبلہ اول دونوں سے محروم ہوجائیں اور بیت المقدس کو مکمل طور پر یہودیوں کے لیے کھلا چھوڑ دیاجائے۔
موصوف سیاستدان نے کہا کہ عبادت کی آڑ میں یہودیوں کو قبلہ اول میں داخلے اور مسجد اقصیٰ پر دھاووں کی کھلی چھٹی دینا بھی القدس پر یہودیوں اور اسرائیلی ریاست کی اجارہ داری قائم کرنے کی مجرمانہ کوششوں کا حصہ ہے۔
فلسطینی رکن پارلیمنٹ نے بیت المقدس کے تاریخی قبرستان باب الرحمہ کو یہودیانے اور وہاں پر موجود مسلمانوں کی قبروں کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے مسلمانوں کےقبرستان کے تحفظ کے لیے فلسطینیوں کو حرکت میں آنے پر زور دیا۔
- ۱۸/۰۹/۱۴