جوہری معاہدے کے تئیں ایران کی دیانتداری قابل تحسین ہے
بین الاقوامی جوہری توانائی ادارےکے ڈائریکٹر جنرل :
نیوزنور11ستمبر/بین الاقوامی جوہری توانائی ادارے (IAEA) کے ڈائریکٹر جنرل نے ایک بار پھر ایران کی دیانت داری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران جوہری معاہدے سے متعلق اپنے وعدوں پر قائم ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی جوہری توانائی ادارے (IAEA) کے ڈائریکٹر جنرل ’’یوکیا امانو‘‘ نے جوہری توانائی ادارے کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی افتتاحی نشست میں خطاب میں ایک بار پھر ایران کی دیانت داری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران جوہری معاہدے سے متعلق اپنے وعدوں پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے جوہری معاہدے کے تحت اپنے کئے گئے وعدوں پر شفافیت کے ساتھ عمل کیا ہے۔
امانو نے کہا کہ عالمی جوہری ادارے کی جانب سے ایران کی جوہری سرگرمیوں کی شفافیت اور اس کی عدم خلاف ورزی پر نگرانی کا عمل جاری رہے گا۔
یاد رہے کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی نے گزشتہ مہینے میں اپنی بارہویں رپورٹ میں جوہری معاہدے پر عمل درآمد کرنے سے متعلق اسلامی جمہوریہ ایران کی دیانت داری اور شفاف کارکردگی کی تصدیق کردی تھی اورامریکی خلاف ورزیوں کے باوجود عالمی ادارے نے ایک بار پھر ایران کی شفاف کارکردگی کی تائید کردی۔
قابل ذکر ہے کہ آئی اے ای اے نے اپنی 12ویں رپورٹ میں کہا کہ
ایران، 2015 میں طے پانے والے جوہری معاہدے پر پابندی سے عمل کررہا ہے۔
ایران جوہری معاہدے سے امریکہ کی غیرقانونی علحٰیدگی کے بعد یہ
عالمی جوہری ادارے کی دوسری رپورٹ ہے جس میں ایران کی دیانت داری کی مسلسل تصدیق
ہورہی ہے۔
واضح ر ہے کہ 8 مئی کو ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران اور جوہری معاہدے کے خلاف پرانے الزامات کو دہرا کر اس معاہدے سے امریکہ کی علحٰیدگی کا اعلان کردیا تھاامریکہ کے اس فیصلے کے بعد یورپی یونین کی چیف خارجہ پالیسی فیڈریکا موگرینی نے اعلان کر دیا کہ یورپ ایران جوہری معاہدے کو بچانے کے لئے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گااورٹرمپ کی علحٰیدگی کے ردعمل میں چین اور روس سمیت یورپی ممالک برطانیہ، جرمنی اور فرانس نے بھی ایران جوہری معاہدے پر قائم رہنے کا عہد کیا ہے۔
- ۱۸/۰۹/۱۱