ٹرمپ کے ناقص فیصلے امریکہ کیلئے خطرناک اور غیر تعمیری ہیں
سابق امریکی وزیر خارجہ :
نیوزنور11ستمبر/ سابق امریکی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ بنیادی طور پر اسلامی جمہوریہ ایران میں موجودہ نظام کی تبدیلی کی حکمت عملی پر کام کررہی ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق سابق امریکی وزیر خارجہ ’’جان کیری‘‘نے پی بی ایس نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈونالڈ ٹرمپ نے اب تک ایسے فیصلے اُٹھائے ہیں جو امریکہ کے لئے خطرناک اور غیرتعمیری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج ایران کے خلاف ساتھ دینے والے ممالک وہی مشرق وسطٰی کے چند ممالک ہیں جو خود ایران سے دشمنی رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جوہری مذاکرات میں جو ممالک شامل تھے وہی آج اس معاہدے کو بچانے کے لئے کوشاں ہیں جبکہ بڑی بات یہ ہے کہ ایران بھی اس معاہدے کے حق میں ہے اور اسے برقرار رکھنا چاہتا ہے۔
سابق امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران جوہری معاہدے سے علحیٰدہ ہوکر ہمارے اتحادیوں کو تنہا کردیا جن سے وہ غم و غصے میں مبتلا ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹرمپ کے غیرتعمیری مؤقف نے امریکی انتظامیہ پر ایرانی قیادت کے عدم اعتماد میں اضافہ کیا ہے جس کی وجہ سے ایران امریکہ سے مذاکرات نہیں کرنا چاہتا۔
- ۱۸/۰۹/۱۱