اسلامی انقلاب کے دشمن معاشی وتجارتی جنگ کے ساتھ ساتھ ایران کے خلاف میڈیا یلغار میں مصروف
امام خامنہ ای :
نیوزنور07ستمبر/رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا ہے کہ دشمنوں کی مکروہ سازشوں اور منفی پروپیگنڈے کے باوجود وطن عزیز ایران اور اسلامی انقلاب ترقی کی سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی ’’حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای‘‘ نے تہران میں ایرانی ماہرین اسمبلی کے چیئرمین اور اراکین کے ساتھ ایک ملاقات میں خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ دشمنوں کی مکروہ سازشوں اور منفی پروپیگنڈے کے باوجود وطن عزیز ایران اور اسلامی انقلاب ترقی کی سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
آپ نے فرمایا کہ دشمن کی سازش اور منفی فضا بنانے کا سلسلہ جاری ہے مگر تمام مشکلات کے باوجود وطن عزیز اسلامی جمہوریہ ایران ترقی کی سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ کوئی بھی حکومت عوام کے تعاون کے بغیر مسائل پر قابو نہیں پاسکتی تاہم مسائل کے حل کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا۔
آپ نے اس بات پر زور دیا کہ ملکی حکام ہی جنگی بنیادوں پر کام کرنے کے اختیار رکھتے ہیں جو قانون کے دائرے میں ہونا چاہئے۔
آپ نے فرمایا کہ ملکی مشکلات کا علاج یہ نہیں کہ حکومت کو تنہا چھوڑیں یا ملکی اداروں پر عدم اعتماد ہو بلکہ علاج کا راستہ یہ ہے کہ معاشرے میں رائے عامہ کے ساتھ تعلقات کو بڑھایا جائے اور تنقید کے ساتھ ساتھ باہمی مشاورت سے مشکلات کے حل کے لئے عملی اقدامات اُٹھائیں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ایران کے دشمن آج معاشی اور تجارتی جنگ کے ساتھ ایرانی عوام پر میڈیا یلغار بھی کر رہی ہے ہماری اطلاعات کے مطابق امریکہ اور صہیونیوں کی جاسوس ایجنسیوں نے خطے کے بعض جابر حکمرانوں کے پیسوں سے مخصوص مراکز قائم کئے ہوئے ہیں جس کا مقصد ایران کے خلاف میڈیا مہم چلانا ہے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے فرمایا کہ دشمن منفی پروپیگنڈے کر کے ایرانی معاشرے کو ذہنی اور فطری طور پرمفلوج کرنا چاہتا ہے میڈیا مہم کا مقصد عوام کے درمیان مایوسی پھیلانا ہے تا کہ عوام یہ سوچیں کے ملک میں مشکلات کا کوئی حل نہیں اور حکومت بے بسی کا شکار ہے۔
آپ نے فرمایاکہ آج کے حالات بہت حساس ہیں لیکن یہ حساسیت دشمنوں یا بعض طاقتوں کی وجہ نہیں کیونکہ یہ عناصر اسلامی انقلاب کی کامیابی سے لے کر آج بھی ایرانی قوم کے خلاف شیطانی سازشوں میں مصروف ہیں مگر انھیں کچھ نہیں ملا۔
قائد انقلاب اسلامی امام خامنہ ای نے مزید اس بات پر زور دیا کہ آج اس حساس دور میں عوام اور ملکی ماہرین کا اہم فرض باہمی اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھنا ہے اور عوام اور ملکی اداروں کے درمیان تعلقات کو مضبوط اور اعتماد کی فضا کو بہتر کرنا ہے۔
- ۱۸/۰۹/۰۷