پابندیاں غلط اور ناکام پالیسی کا نتیجہ ہیں
عراقی وزیر داخلہ:
نیوزنور06ستمبر/عراق کے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ دوسرے ممالک پر پابندیاں لگانے اور اقتصادی دباؤ ڈالنے کی پالیسی غلط اور ناقابل قبول ہے اور ایسے اقدامات ناکام پالیسی کا نتیجہ ہوتے ہیں۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق عراقی وزیر داخلہ’’قاسم الاعرجی‘‘ نے بغداد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی کے ساتھ ایک ملاقات میں کہا کہ دوسرے ممالک پر پابندیاں لگانے اور اقتصادی دباؤ ڈالنے کی پالیسی غلط اور ناقابل قبول ہے اور ایسے اقدامات ناکام پالیسی کا نتیجہ ہوتے ہیں۔
عراقی وزیر داخلہ نے اپنے ایرانی ہم منصب سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اقوام کی مقاومت کے سامنے پابندیاں لگانے کی پالیسی ناکام رہے گی، قومیں ثابت قدم رہیں گی اور وہ اس دشورا مراحل پر قابو پالیں گی اور خطے کو بھی امن و استحکام نصیب ہوگا۔
انہوں نے ایران عراق تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عراق اس سال کے چہلم امام حسین ؑ کے ملین مارچ کو مزید بہتر منعقد کرنے کے لئے دوطرفہ تعاون کے لئے آمادہ ہے جس کا مقصد زائرین کی سیکورٹی کے لئے مثالی اقدامات اُٹھانا ہے۔
عراقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ایران نے دہشتگردی، انتہاپسندی بالخصوص سرحدوں پر منشیات کے اسملگروں کے خلاف مثالی قربایناں دی ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان سیکورٹی اور سرحدی شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دیں۔
ملاقات میں ایرانی وزیر داخلہ نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی چہلم امام حسین ؑ کے پیدل مارچ کو بہتر منعقد کرانے کے لئے کسی بھی تعاون سے دریغ نہیں کرے گا۔
واضح رہے کہ ملاقات میں دونوں ممالک کے اعلٰی سیاسی اور سیکورٹی حکام بھی شریک تھےاور اس موقعہ پر ایرانی وزیر داخلہ نے دونوں ممالک کے سرحدی امور اور چہلم امام حسین ؑ کے سالانہ ملین مارچ کے بہتر انعقاد پر مذاکرات کے لئے عراق کا دورہ کیا ہے۔
- ۱۸/۰۹/۰۶