دشمن ایرانی عوام پر مسلط ہو جائیں یہ محال ہے
ایرانی صدر:
نیوزنور05ستمبر/اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ ایرانی عوام پر مسلط ہونے کا دشمنوں کا خواب کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا اور دشمن ایرانی عوام کی ترقی و پیشرفت کے راستے کو نہیں روک سکتے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر’’ڈاکٹر حسن روحانی‘‘ نے ایران کے جنوبی علاقے عسلویہ میں پیٹروکیمیکل کے تین پروجیکٹوں کی افتتاحی تقریب میں اپنے خطاب کے دوران کہا کہ تیل کی صنعت کے ماہرین اور کارکنوں نے آج ایران کی عزت و سربلندی اور پیداوار و روزگار کے مواقع کی فراہمی کے راستے میں ایک اہم قدم اُٹھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک دن میں پیٹروکیمیکل کے تین اہم پروجیکٹوں کا افتتاح یہ ثابت کرتا ہے کہ ہم مشکلات پر غلبہ پالیں گے اور دشمن ایرانی عوام کی ترقی و پیشرفت کے راستے کو نہیں روک سکیں گے۔
موصوف صدر نے کہا کہ دشمن صرف اسی وقت کامیاب ہوں گے جب اُمید اور کوشش کا دامن ہاتھ سے چھوٹ جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دشمن ایرانی عوام پر مشکلات مسلط کر رہے ہیں لیکن یہ غیر ممکن ہے کہ وہ ایران اور ایرانیوں پر مسلط ہو جائیں۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ اگر دشمن یہ سمجھتے ہیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو انقلاب سے قبل کے دور کی جانب پلٹا دیں گے تو ان کا یہ خواب کبھی بھی پورا نہیں ہو سکے گا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے پیٹروکیمیکل کے تین عظیم منصوبوں کے افتتاح کو نوجوانوں کے لئے روزگار کی فراہمی، خود کفالت، استقامتی اقتصاد اور غیر ملکی زرمبادلہ کے حصول کی جانب ایک اہم قدم اور سب کے لئے باعث فخر قرار دیا۔
انہوں نے مزیدکہا کہ جو لوگ اسلامی انقلاب اور آٹھ سالہ دفاع مقدس کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے میں ناکام رہے تھے آج انہوں نے ہی ایران کی ترقی و پیشرفت کے دور میں ایران کی عظیم قوم کے خلاف نئی نئی سازشیں شروع کر دی ہیں۔
- ۱۸/۰۹/۰۵