عراق میں ’سائرون‘ کی قیادت میں سب سے بڑا پارلیمانی اتحاد تشکیل
رپورٹ:
نیوزنور03 ستمبر/عرب میڈیا کے مطابق عراق میں نئی حکومت کی تشکیل کے لیے طویل جوڑ توڑ کے بعد ’سائرون‘ گروپ کی قیادت میں ایک نیا پارلیمانی اتحاد قائم کیا گیا ہے نئے پارلیمانی اتحاد میں شامل ہونےوالے ارکان پارلیمنٹ کی تعداد 177 ہوگئی ہے۔
عالمی اردوخبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘ نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کےحوالے سے نقل کیا ہےکہ ’’سائرون‘‘ کی قیادت میں تشکیل پانے والے پارلیمانی اتحاد میں الحکمہ والنصر، الوطنیہ، القرار، ترکمانی اتحاد، بیارق الخیر، مسیحی اور صبائی پارلیمانی جماعتیں شامل ہیں ان کے مجموعی ارکان پالیمنٹ کی تعداد 177 ہے۔
خیال رہے کہ عراق میں مئی میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے بعد حکومت سازی کے لیے مختلف پارلیمانی جماعتوں کےدرمیان اتحاد کی تشکیل پر بات چیت چلتی رہی ہے تاہم اس میں پیش رفت نہ ہونے کے باعث حکومت سازی کاعمل تعطل کا شکار رہا ہے نئے وجود میں آنے والے پارلیمانی اتحاد میں مقتدیٰ الصدر کا سائرون، حیدر العبادی کا ’النصر الائنس‘عمار الحکیم کا الحکمہ،نائب صدر ایاد علاوی کا نیشنل الائنس، بدر ھادی العامری کا فتح الائنس اور سابق وزیراعظم نوری المالکی کا دولۃ القانون سمیت کئی دوسرے گروپ شامل ہیں۔