یورپ امریکہ کے مقابلے میں اپنے مفادات کادفاع کرے
جرمنی:
نیوزنور03 ستمبر/جرمنی کے وزیر خارجہ نے یورپی یونین کے رکن ملکوں سے اپیل کی ہے کہ وہ امریکی پابندیوں اور ٹیرف کے مقابلے میں اپنے مفادات کے دفاع کے لیے متحد ہوجائیں۔
عالمی اردوخبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق مقامی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے جرمن وزیر خارجہ’’ ہیکوماس‘‘ نے کہاکہ یورپ کو امریکی اقتصادی پابندیوں اور ٹیرف سے مرعوب ہونے کے بجائے اس کے مقابلے میں ڈٹ جانا چاہیے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یورپی یونین کے رکن ملکوں سے اسٹیل اور ایلمونیئم کی درآمدات پر ڈیوٹی عائد کیے جانے کے بعد سے امریکہ اور یورپی یونین کے تعلقات میں سخت کشیدگی پیدا ہوگئی ہے۔
امریکہ نے رواں سال مارچ میں یورپی ملکوں کے اسٹیل اور ایلمونیم کی درآمدات پر بالترتیب پچیس اور دس فی صد ڈیوٹی عائد کردی ہے جس کے جواب میں یورپ نے بھی امریکہ سے درآمد کی جانے والے بعض مصنوعات پر ڈیوٹی عائد کرنے کا اعلان کردیا ہے۔