صنعا آیئرپورٹ پر جارح سعودی اتحاد کے وحشیانہ حملے اس اتحاد کی ناکامی کا مظہر
تحریک انصاراللہ کے ترجمان :
نیوزنور29اگست/یمن کی مقاومتی تحریک انصاراللہ کے ترجمان نے صنعا آئرپورٹ پر سعودی اتحاد کے وحشیانہ حملوں کو اس اتحاد کی کمزوری کی علامت قرار دیتے ہوئے بیماروں کی منتقلی کے لئے اس آئرپورٹ کو کھولے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان ’’محمد عبدالسلام‘‘ نے ایک بیان میں صنعا آیئرپورٹ پر جارح سعودی اتحاد کے وحشیانہ حملوں کو اس اتحاد کی ناکامی کا مظہر قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جارح سعودی اتحاد کا مقصد یمن کی بنیادی تنصیبات کو تباہ کرنے کے سوا اور کچھ نہیں ہے۔
یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان نے کہا کہ یمن پروحشیانہ جارحیت کے آغاز سے ہی سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے بمباری کے ذریعے یمن کے بے گناہ عام شہریوں کا قتل عام کیا ہےاورسعودی عرب کے جنگی طیاروں نے حال ہی میں الدیلمی کے مرکز اور صنعا کے بین الاقوامی آیئرپورٹ کو اپنے فضائی حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔
دریں اثنا یمن کی وزارت صحت اور وزارت ٹرانسپورٹ کے نمائندوں نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ یمن کے ہزاروں عام شہریوں منجملہ بچوں کی جان بچانے کے لئے صنعا کے بین الاقوامی آیئرپورٹ کو کھولا جانا نہایت ضروری ہےاوراس سے قبل یمن کی وزارت نقل و حمل کے بعض حکام نے صنعا کے بین الاقوامی آیئرپورٹ کو بند کرنے میں سعودی عرب کے اقدام پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اعلان کیا کہ آیئرپورٹ بند ہونے کی بنا پر روزانہ بیس سے تیس یمنی بیماروں کو اپنی جانوں سے ہاتھ دھونا پڑ رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اقوام متحدہ سے وابستہ بچوں کے حقوق کے کنوینشن کے سربراہ نے کہا ہے کہ یمن پر سعودی اتحاد کے وحشیانہ حملے بچوں کے قتل عام کا باعث بنے ہیں۔
انہوں نے یمن پر سعودی عرب کے حملوں کے بارے میں وسیع اور غیرجانبدار تحقیق کی اجازت دیئے جانے کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئےسعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت ان کے اتحاد میں شامل ملکوں پر یمن میں عام شہریوں کے خلاف وحشیانہ جرائم کے ارتکاب کا الزام عائد کرتے ہوئے ان ملکوں کے حکام کے خلاف قانونی کارروائی کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔