اسرائیلی بلدیاتی انتخابات میں فلسطینیوں کی شرکت حرام اور قوم سے غداری ہے
امام قبلہ اول:
نیوزنور12مئی/مسجد اقصیٰ کے امام اور خطیب اور ممتاز فلسطینی عالم دین نے اس بات کے ساتھ کہ امریکہ اور اسرائیل کی القدس کے حوالے سے اشتعال انگیزیوں کا جواب فلسطینی قوم کے اتحاد میں مضمر ہےکہا ہے اسرائیل میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں فلسطینیوں کا کسی بھی شکل میں حصہ لینا قوم سے غداری اور حرام ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ’’الشیخ نواھضہ‘‘ نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی تمام تر سازشوں اور ظالمانہ کارروائیوں کے باوجود القدس فلسطینیوں کا ہے اور فلسطینی قوم ہی کا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کے اشتعال انگیز اقدامات کا جواب فلسطینی قوم کے اتحاد میں مضمر ہےاسلئے پوری فلسطینی قوم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرکے ٹرمپ کی سازشوں کو ناکام بنا دے۔
قبلہ اول کے امام نے کہا کہ القدس فلسطینی قوم، عرب اور عالم اسلام کی ملکیت ہے القدس ہمارے ایمان اور روح کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ القدس گردش زمانہ کے اہم واقعات میں سر فہرست، ہمیشہ توجہ طلب، جنگ کا عنوان اور اسلام کی شاع رہے گا۔
الشیخ اسماعیل نواھضہ نے کہا کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرکے عالمی قوانین اور آسمانی مذاہب کی تعلیمات کی توہین کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کی عوام کی جانب سے امریکی صدر ٹرمپ کے اعلان پر سامنے آنے والا رد عمل مناسب ہے مگر حکومتوں کی طرف سے القدس کے حوالے سے مذمت کے سوا کچھ نہیں کیا گیا۔
موصوف امام جمعہ نے خبردارکیا کہ امریکہ اور اسرائیل کی سازشیں خطے میں مذہبی جنگ بھڑکا سکتی ہیں۔
الشیخ اسماعیل نواھضہ نےمزید کہا کہ امریکی صدر کی اشتعال انگیزی کا جواب فلسطینی قوم کی یکجہتی میں ہے فلسطینی کو اپنی صفوں میں اختلافات ختم کرکے اتحاد پیدا کرنا ہوگا اور امریکیوں اور صہیونیوں کو قومی یکجہتی سے جواب دینا ہوگا۔