فلسطینی شہروں میں یہودی آباد کاری آگ سے کھیلنے کے مترادف
ترک وزارت خارجہ:
نیوزنور27اگست/ترک وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں یہودی آباد کاروں کے لیے 2100 نئے گھروں کی تعمیر کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ فلسطینی شہروں میں یہودی آباد کاری آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق ترک وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں یہودی آباد کاری کو تباہ کن اور امن مساعی کے لیے انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہم فلسطینی علاقوں میں یہودیوں کو آباد کرنے کے لیے اسرائیل کے نئے فیصلوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی ریاست کی فلسطین میں یہودی آباد کاری عالمی قراردادوں، اقوام متحدہ کے فیصلوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہےاور اسرائیلی توسیع پسندی کے نتیجے میں امن مساعی کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
ترک حکومت نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی قوم کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو پوری کرے اور اسرائیل کو انسانی اور قانونی دائروں کا پابند بناتے ہوئے فلسطینی علاقوں میں یہودی آباد کاری پر پابندی لگوائے۔
یادرہے کہ اسرائیل نے گذشتہ منگل کو ایک ہزار رہائشی فلیٹس کی تعمیر کی منظوری دی تھی اور اس سے ایک روز قبل غرب اردن اور بیت المقدس میں ایک ہزار مکانات کے لیے ٹینڈر جاری کیے گئے تھے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں یہودی کالونیوں کی تعداد 423 ہے جن میں 7 لاکھ یہودی بیرون ملک سے لا کر بسائے گئے ہیں یہودیوں کی تعداد کل آبادی کا 46 فی صد ہے۔
- ۱۸/۰۸/۲۷