عید پرقوم تکافل اور دفاع مقدسات کی تحریک شروع کرے
مسجد اقصیٰ کے امام وخطیب:
نیوزنور21اگست/مسجد اقصیٰ کے امام وخطیب اور فلسطین کی سپریم اسلامی کمیٹی کے چیئرمین نے فلسطینی قوم پر زور دیا ہے کہ وہ عیدالاضحیٰ پر قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرکے دفاع مقدسات کے عزم کا اعادہ کرے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق مسجد اقصیٰ کے امام وخطیب اور فلسطین کی سپریم اسلامی کمیٹی کے چیئرمین’’الشیخ عکرمہ صبری‘‘ نے کہا کہ عید قربان پر قربانی دینا شرعی فریضہ ہے جو ہرعاقل بالغ اور صاحب حیثیت پر فرض ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم فقراء اور محتاج لوگوں کو قربانی کے گوشت میں شامل رکھیں پڑوسیوں، رشتہ داروں اور معاشرے کے دیگر افراد کو اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔
انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ عید پر مریضوں،زخمیوں، اسیران کے اہل خانہ اور شہداء کے لواحقین سےملاقاتیں کریں۔
انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ پر عالم اسلام میں یکجہتی کا پیغام دینا ہے تاکہ وہ اسلامی مقدسات کے دفاع کے لیے اپنی مساعی کو مجتمع اور القدس اور فلسطین کے دوسرے علاقوں کے مقدسات کے دفاع کے لیے کام کریں۔
- ۱۸/۰۸/۲۱