پادری کو رہا کرو ورنہ مزید پابندیوں کے لئے تیاررہو
ٹرمپ :
نیوزنور 18 اگست/ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ٹوئٹ میں ایک بار پھر دھمکی دیتے ہوئے ترکی کو خبردار کیا ہے کہ امریکی پادری کو رہا نہ کیا گیا تو ترکی پر مزید پابندیاں عائد کر دی جائیں گی ۔
عالمی اردوخبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ ترکی برسوں تک امریکا سے فائدے حاصل کرتا رہا لیکن اب امریکی پادری اینڈریو برونسن کو بلاجواز یرغمال بنا رکھا ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
امریکی صدر نے کہاکہ ترکی میں گرفتار بے گناہ امریکی پادری کے لیے امریکا کوئی قیمت ادا نہیں کرے گا البتہ ترکی کو اقتصادی پابندیوں کی وجہ سے مزید خمیازہ ضرور بھگتنا پڑے گا جس کے لیے انقرہ تیار رہے۔
دوسری جانب ترکی نے امریکی مصنوعات کا بائیکاٹ کرتے ہوئے تجارتی لین دین کے لیے امریکی ڈالر کے بجائے مقامی کرنسی استعمال کرنے کا اعلان کیا ہے جس کی وجہ سے امریکی صدر ٹرمپ کو شدید دھچکا لگا ہے۔
واضح رہے کہ ترکی میں مقیم امریکی پادری اینڈریو برونسن کو 2016ء میں ناکام فوجی بغاوت میں معاونت کے جرم میں حراست میں لیا گیا تھا اور حال ہی میں ترک عدالت نے انہیں جیل سے گھر منتقل کر کے نظربند رکھنے کے احکامات جاری کیے تھے جس پر امریکا نے شدید مخالفت کرتے ہوئے پادری کی رہائی کا مطالبہ کرکے کسی بھی ملک کے عدالتی امور میں واضح مداخلت کی ہے۔
- ۱۸/۰۸/۱۸